اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک کے معروف تفریحی چینل آن انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (PNCA) میں ایک روح پرور محفلِ سماع کا انعقاد کیا گیا، جس نے اسلام آباد کی شام کو صوفیانہ رنگوں میں رنگ دیا۔
تقریب میں نامور قوال محمد سمیع نے اپنے منفرد اور دل نشین اندازِ قوالی سے سامعین کو محظوظ کیا۔ صوفیانہ کلام اور وجد آفریں قوالیوں نے محفل کا سماں باندھ دیا، جبکہ حاضرین جھومتے اور داد دیتے نظر آئے۔
شرکاء نے آن انٹرٹینمنٹ کی اس ثقافتی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی محافل نہ صرف روحانی سکون کا باعث بنتی ہیں بلکہ صوفی موسیقی اور ثقافتی ورثے کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسی روح پرور محافل کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے تاکہ نوجوان نسل اپنی روایات اور صوفیانہ ثقافت سے جڑتی رہے۔