اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی (ٹرانسفر) کے پیچیدہ اور وقت طلب عمل سے اب نجات مل گئی ہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ اسلام آباد نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرائی ہے جس کے تحت اب وہ پاک آئی ڈی (Pak-ID) موبائل ایپ کے ذریعے آن لائن بائیو میٹرک تصدیق کر کے گاڑی ٹرانسفر کرا سکیں گے۔
سابقہ نظام کی مشکلات
ڈائریکٹر ایکسائز اسلام آباد بلال اعظم کے مطابق پہلے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی گاڑی فروخت کرنے کے بعد گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے لیے پاکستان ایمبیسی جا کر بائیو میٹرک کروانا پڑتی تھی، اس کے بعد یہاں پاکستان میں وزارتِ خارجہ سے اس کی تصدیق (Attestation) کروانے میں بھی خاصا وقت اور محنت درکار ہوتی تھی۔
یہ عمل کافی پیچیدہ اور وقت طلب تھا۔ لیکن اب اس پورے نظام کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو اپنی گاڑی فروخت کرنے اور گاڑی خریدنے والے کو گاڑی اپنے نام کرانے میں بڑی آسانی ہو جائے گی۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے موبائل فون پر پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے بائیو میٹرک تصدیق کر سکتے ہیں۔
گھر بیٹھے بائیو میٹرک تصدیق
اوورسیز پاکستانی اب گھر بیٹھے نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے انگلیوں کے نشان درج کر کے اپنی بائیو میٹرک تصدیق کروا سکتے ہیں، اور گاڑی کی ملکیت کی ٹرانسفر ممکن ہو جائے گی۔
گاڑی خریدنے والے حضرات کو بھی یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ان کے پاس سیلر کی بائیو میٹرک تصدیق کے ساتھ ٹرانسفر لیٹر بھی موجود ہو تاکہ ٹرانسفر میں کسی قسم کی دقت نہ آئے۔
سہولت کے فوائد
اسلام آباد ایکسائز کی جانب سے یہ اقدام نہ صرف وقت اور پیسے کی بچت کرے گا بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی سہولت بن کر سامنے آئے گا۔ ماضی میں چونکہ اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کی ٹرانسفر میں مشکلات کا سامنا رہتا تھا، اس لیے انہیں اپنی گاڑیاں نسبتاً کم قیمت میں فروخت کرنا پڑتی تھیں۔