نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق پنڈی کے نواحی علاقے میں ایک ایسا غریب گھرانہ موجود ہے جہاں تمام 11 افراد بصارت سے محروم ہیں — والدین سے لے کر بچوں تک، سب کی زندگی مکمل تاریکی میں گزر رہی ہے۔
اللہ تعالیٰ کی نعمتِ بصارت کی قدر وہی جانتا ہے جو اس سے محروم ہو، اور یہ خاندان اسی حقیقت کی زندہ مثال ہے۔ بینائی نہ ہونے کے باعث والدین اور بچے کوئی کام کرنے سے قاصر ہیں، اور روزگار نہ ہونے کے سبب ان کی گزر بسر بھیک مانگ کر ہوتی ہے۔ ان کا گھر بھی انتہائی خستہ حال ہے، جس میں رہنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
خاندان کے افراد کا کہنا ہے کہ وہ بھیک نہیں مانگنا چاہتے بلکہ محنت سے عزت کی زندگی گزارنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ ان کے لیے گھر کی تعمیر اورماہانہ وظیفے کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ بھی دوسروں کی طرح معاشرے میں باوقار زندگی بسر کر سکیں۔
یہ خاندان حکومت اور معاشرے کی توجہ کا مستحق ہے — کیونکہ تھوڑی سی مدد ان کی زندگی میں روشنی کی کرن بن سکتی ہے۔
پنڈی کے نواح میں ایک ہی گھر کے 11 افراد نابینا، زندگی اندھیروں میں گزرنے لگی








