بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گوادر کے قریب چار بروڈز وہیل کی شاندار جھلک، ماہی گیر نے نایاب لمحہ کیمرے میں محفوظ کر لیا

بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر کے قریب سمندر میں ایک حیران کن منظر نے ماہی گیروں کو ششدر کر دیا، جب انہیں ایک نہیں بلکہ چاربروڈز وہیلز ایک ساتھ تیرتی نظر آئیں۔
ماہی گیر کشتی کے کپتان عامر داد نے یہ دلکش لمحہ فوری طور پر اپنے موبائل فون میں قید کر لیا، جس میں وہیلز کا ایک گروہ گوادر کے ساحلی پانیوں میں پرسکون انداز میں تیرتا دکھائی دیتا ہے۔
ورلڈ وائیلڈ لائف فنڈ (WWF) پاکستان کے مطابق یہ وہیلزبروڈز وہیلز تھیں، جو دنیا کی بڑی بالین وہیلز میں سے ایک ہیں۔ یہ وہیلز عام طور پر گرم پانیوں میں پائی جاتی ہیں، اور ان کی پاکستان کے ساحلی پانیوں میں موجودگی ایک اہم ماحولیاتی اشارہ سمجھا جاتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ بروڈز وہیل کو پاکستانی پانیوں میں دیکھا گیا ہو۔ نومبر 2023 میں بھی بلوچستان کے علاقے جیوانی کے قریب ایک مردہ بروڈز وہیل ملی تھی، جو پاکستان اور ایران کی سمندری سرحد کے قریب تیرتی پائی گئی تھی۔ اس سے کچھ ماہ قبل مئی 2023 میں بھی جیوانی کے قریب ایک اور وہیل کے پھنسنے کی اطلاع ملی تھی۔
ماہرین کے مطابق 2013 سے 2023 کے دوران متعدد بار بروڈز وہیلز کی پاکستان کے ساحلی پانیوں میں موجودگی ریکارڈ کی جا چکی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بحیرہ عرب کے گرم پانی ان دیوہیکل مخلوقات کے لیے ایک قدرتی راستہ یا عارضی مسکن بن چکے ہیں۔
WWF کے مطابق اس طرح کے مناظر اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کے سمندری ماحولیاتی نظام میں اب بھی ایسی نایاب آبی حیات کے لیے گنجائش موجود ہے — بشرطیکہ ان کے مسکن کو آلودگی، شور اور غیر ذمہ دارانہ شکار سے محفوظ رکھا جائے۔