واشنگٹن(نیوزڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں یوکرین کے لیے مزید 80 کروڑ ڈالر سے زائد کی فوجی امداد کا اعلان کیا ہے۔
میڈرڈ میں نیٹو کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم فضائی دفاع، توپ خانے، کاؤنٹر بیٹری سسٹم اور دیگر ہتھیاروں کے لیے مزید 80 کروڑ ڈالر دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہم یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارے اتحادی بھی کھڑے ہوں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ یوکرین کو روس کے ہاتھوں شکست نہ ہو۔
جوبائیڈن نے کہا کہ اپنے اتحادیوں کے ایک ایک انچ کا تحفظ کیا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ برطانوی اور دیگر اتحادی ممالک کی فوجوں کو مشرقی سمت میں تعینات کیا جائے گا، اسی طرح امریکا یورپ میں پہلے سے موجود سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ سپین کو مزید جنگی جہاز جبکہ رومانیہ اور بالٹک ریاستوں کے ساتھ بھی دفاعی تعاون کرے گا۔
واضح رہے کہ روس نے 24 فروری کو پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے مسلسل لڑائی جاری ہے، اس وقت امریکا اور مغربی دنیا یوکرین کی حمایت کر رہی ہے جبکہ یوکرین کو یورپی یونین میں شمولیت کے لیے امیدوار کی حیثیت بھی دے دی گئی ہے۔
روسی حملوں میں بھی شدت آئی ہے اور صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے کہ یوکرینی فوج کے ہتھیار ڈالنے تک جنگ جاری رہے گی۔
امریکا کا یوکرین کے لیے 80 کروڑ ڈالر سے زائد کی فوجی امداد کا اعلان








