پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے “جیو-اے آئی برائے جنگلاتی معلومات: ریموٹ سینسنگ اور جیو انفارمیشن سسٹمز کی جدید ایپلی کیشنز برائے جنگلات” کے موضوع پر بین الاقوامی تربیتی کورس کا انعقاد کیا ہے۔ یہ کورس 27 تا 31 اکتوبر 2025 تک سپارکو کمپلیکس، کراچی میں منعقد ہوگا۔
کورس کا مقصد ازنیٹ کے رکن ممالک کے ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے تاکہ وہ مصنوعی ذہانت اور جغرافیائی معلوماتی ٹیکنالوجی (GIS) کو جنگلات کی مؤثر نگرانی، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار زمین کے انتظام میں استعمال کرسکیں۔ اس پروگرام میں عراق، اردن، لیبیا، تیونس، ایران اور پاکستان کے ماہرین شرکت کریں گے۔
تربیت لیکچرز، عملی مظاہروں اور مشقوں کے ذریعے دی جائے گی، جس سے شرکاء جیو-اے آئی فریم ورک کے تحت ماحولیاتی ڈیٹا کے تجزیے اور فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔
سپارکو کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ازنیٹ کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد خلا پر مبنی ایپلی کیشنز کے ذریعے ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی لچک کو فروغ دینا اور بین الاقوامی تعاون و علم کے تبادلے کو مضبوط کرنا ہے۔









