بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شاہ رخ خان ’بورنگ ایکٹر‘ ہیں، نصیر الدین شاہ

لیجنڈری بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ کی پرانی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں وہ اکشے کمار کی تعریفیں جب کہ شاہ رخ خان کی اداکاری کی برائیاں کرتے دکھائی دیے، ساتھ ہی انہوں نے شاہ رخ خان کو ’بورنگ ایکٹر‘ بھی قرار دیا۔

’بھارتی خبررساں ادارے‘ کے مطابق نصیر الدین شاہ کے پرانے انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ بولی ووڈ کے معروف اداکاروں کے بارے میں کھل کر بات کرتے دکھائی دیے۔

ویڈیو میں انہو نے شاہ رخ خان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ’بورنگ ایکٹر‘ قرار دیا جبکہ اکشے کمار کی اداکاری کی صلاحیتوں کو سراہا۔

نصیر الدین شاہ نے انٹرویو میں کہا کہ وہ عام طور پر بولی ووڈ کے بڑے ستاروں جیسے خانز، کمارز یا دیوگنز کی فلمیں دیکھنے کی کوشش نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے بہت سے بڑے ستاروں کے ساتھ کام کیا ہے لیکن انہیں کسی نے خاص متاثر نہیں کیا البتہ اکشے کمار ایک ایسے اداکار ہیں جن کی وہ بہت قدر کرتے ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اکشے کمار نے بغیر کسی گائیڈنس یا گاڈ فادر کے اپنی محنت سے انڈسٹری میں جگہ بنائی، اب ان کی اداکاری میں صلاحیت کے آثار نظر آتے ہیں اور طویل عرصے کے بعد وہ ایک اچھے اداکار بن چکے ہیں۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اکشے کمار اداکاری کر کر کے بالآخر اداکاری سیکھ گئے اور اب ان کی اداکاری بہتر ہے، وہ انہیں اچھے لگتے ہیں۔

جب انٹرویو لینے والے نے شاہ رخ خان کا ذکر کیا کہ انہوں نے بھی بغیر کسی سپورٹ کے کامیابی حاصل کی تو نصیر الدین شاہ نے اعتراف کیا کہ ایسا ہی ہے اور وہ اس ضمن میں شاہ رخ کی عزت اور قدر کرتے ہیں۔

نصیر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ شاہ رخ خان کی قدر کرتے ہیں لیکن ایک اداکار کے طور پر وہ اب بورنگ ہو گئے ہیں۔

نصیر الدین شاہ کے پرانے انٹرویو کی کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں کی جانب سے اس پر بحث جاری ہے، کچھ نے شاہ رخ کی اداکاری جب کہ کچھ نے نصیرالدین شاہ کی ایمانداری کی تعریفیں کیں۔

خیال رہے کہ نصیر الدین شاہ نے اکشے کمار کے ساتھ فلم ’موہرا‘ جبکہ شاہ رخ خان کے ساتھ ’کبھی ہاں کبھی نہ‘، ’چمتکار‘ اور ’میں ہوں نہ‘ جیسی فلموں میں کام کیا ہے، وہ اجے دیوگن سمیت دیگر معروف اسٹارز کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔