بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکا کے ساتھ باہمی احترام ، اعتماد اور مفاد کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ،وزیراعطم نے امریکی سفیر کو تعیناتی مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ سفیر پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کےلئے بھرپور کوششیں کریں گے ۔

 

وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اوردیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باہمی احترام ، اعتماد اور مفاد کی بنیاد پر ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔پاکستان اور امریکہ کے وسیع تر تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف مشاورتی گروپس، تجارت ،سرمایہ کاری،انفارمیشن ٹیکنالوجی ، موسمیاتی تبدیلی ، صحت اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردارادا کر رہے ہیں ۔

 

انہوں نے پاکستان کے اقتصادی اور جغرافیائی مواقعوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کمپنیوں کی پاکستان کی وسیع تر منڈی میں سرمایہ کاری کےلئے امریکی ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے ذریعے حوصلہ افزائی کرن کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے اس سال ٹریڈ اینڈ انویسمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ کے وزارتی اجلاس اور بزنس اپرچیونٹیز کانفرنس کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زوردیا۔

 

پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو اس سال 75سال مکمل ہونے کے حوالےسے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملک اس موقع کو بھرپور انداز میں منائیں گے ۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔امریکی سفیر نے افغانستان سے انخلاء میں فوری اور موثر تعاون فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

 

اس تناظر میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون کے فروغ سے افغانستان میں امن واستحکام یقینی بنایا جا سکے گا اور وہاں انسانی بحران کو روکا جا سکے گا۔وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ، خطے کے امن کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہبازشریف نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی اہمیت پر زوردیا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اپنی اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور بھارت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کےلئے دبائو ڈالے ۔ وزیراعظم نے امریکا کی حکومت اور عوام کو 246ویں یوم آزادی پر نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔