اسلام آباد: پاکستان کسٹمز نے کراچی ائیرپورٹ پر منشیات کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق تھائی لینڈ سے آنے والے ایک پارسل سے تقریباً 1.69 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً 5 کروڑ 20 لاکھ روپے بتائی گئی۔
اسی طرح بیلجیئم سے آنے والے ایک پارسل میں 1945 ایکٹیسی گولیاں چھپائی گئی تھیں، جو ویکیوم کلینر کے پارسل میں پوشیدہ تھیں، اور ان کی مجموعی مالیت تقریباً 6 کروڑ 20 لاکھ روپے تھی۔
ایف بی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ای کامرس کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے سرحد پار سامان کی ترسیل میں اضافہ ہوا ہے، جسے کریمنل نیٹ ورکس منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان کسٹمز کی مؤثر نگرانی کی بدولت یہ منشیات عوام تک پہنچنے سے پہلے ہی پکڑی گئی۔ ایف بی آر نے کہا کہ انسداد منشیات کی اسمگلنگ کے لیے کسٹمز پوری طرح پرعزم ہے اور اس کی نگرانی جاری رہے گی۔









