اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ٹیکس نظام سخت کرنے کے لیے کراچی تا پشاور پرتعیش زندگی گزارنے والوں کی نگرانی شروع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر پرتعیش طرز زندگی کی نمائش کرنے والوں کی جانچ پڑتال کے لیے اپنی ٹیم کو وسعت دے دی ہے تاکہ بڑے تضادات کا پتا لگایا جا سکے جہاں ٹیکس دہندہ نے جمع کرائے گئے گوشواروں میں بہت کم رقم ادا کی ہو۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی منظوری کے بعد، ٹیکس کے نظام نے پاکستان بھر میں ان لینڈ ریونیو کے ایف بی آر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ونگز کی مخصوص ڈائریکٹوریٹس میں سات ریجنل لائف اسٹائل مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ان شہروں میں کراچی، حیدرآباد، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، اور پشاور شامل ہیں۔
ایف بی آر نے معلومات اکٹھا کرنے اور ان کا موازنہ فائل کیے گئے گوشواروں سے کرنے کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے 36 افسران اور معاون عملے کو تعینات کیا ہے۔









