بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وسیم اکرم کا کھیل میں سیاست کے امتزاج پر اظہارِ ناپسندیدگی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کھیلوں میں سیاست کے بڑھتے ہوئے اثرات پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا ضروری ہے تاکہ کھیل کی روح برقرار رہ سکے۔

وسیم اکرم نے وِزڈن کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ مجھے کرکٹ میں سیاست بالکل پسند نہیں معاف کیجیے، لیکن سیدھی بات یہی ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور ہونا چاہیے۔


انہوں نے کہا کہ آج کرکٹ تقسیم کا شکار ہوتی جا رہی ہے اور اس صورتحال میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور قومی بورڈز کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک کے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے، بہادری دکھائیں، بڑے دل کے ساتھ فیصلے کریں مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو رہا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ یہی وہ جگہ ہے جہاں آئی سی سی اور کرکٹ بورڈز کو کردار ادا کرنا چاہیے، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ لیگ کس کی ہے یا ٹیم کس کی ملکیت میں ہے، ہر قوم کے کھلاڑیوں کو کھیلنے دیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں 2025 کے ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کے رویے نے تنازع کھڑا کردیا تھا، جب انہوں نے پاکستانی کرکٹرز سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا تھا اور معاملہ مزید سنگین ہوگیا تھا۔