بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں سردی نے انگڑائی لے لی، ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری

ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں بھی تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم سرد ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین مختلف شہروں میں ہونے والی ژالہ باری اور بارش کی ویڈیوز بڑی تعداد میں شیئر کر رہے ہیں۔ خرم اقبال نے لوئر دیر کی ویڈیو شیئر کی جس میں شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث سڑکیں سفید ہو گئیں۔

ایک صارف نے اسلام آباد میں ہونے والی ژالہ باری کی تازہ ویڈیو شیئر کی ہے۔

انور انجم نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وادیِ سوات میں بارش اور شدید ژالہ باری کے باعث دن رات میں تبدیل ہوگیا، ہر طرف تاریکی چھا گئی ہے۔


ایک صارف نے لکھا کہ مینگورہ سوات دن کے 11 بجے اندھیرا اور بارش کے ساتھ ژالہ باری ہو رہی ہے، اللہ تعالیٰ رحم کرے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 5 نومبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں اور بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مسافروں اور مقامی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔