وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بابا گرو نانک دیو جی کے 556ویں یومِ ولادت کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی نہ صرف سکھ مت کے بانی اور اکابرین میں سے ہیں بلکہ وہ امن، برابری، رواداری اور انسانیت کے علمبردار تھے جن کی تعلیمات آج بھی پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بابا گرو نانک کا پیغام جو محبت، بے لوث خدمت، اور بین المذاہب ہم آہنگی پر مبنی ہے، نسلوں کو اتحاد اور امن کا درس دیتا ہے اور ایک انصاف پسند دنیا کے قیام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فخر ہے کہ وہ بابا گرو نانک دیو جی کی زندگی اور تعلیمات سے منسلک مقدس مقامات، خصوصاً گوردوارہ جنم آستان ننکانہ صاحب کی حفاظت کر رہا ہے۔
حکومتِ پاکستان تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ آزادی اور احترام کے ساتھ اپنے مذہبی فریضے انجام دے سکیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ہر سال دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے اور ان کے لیے مکمل انتظامات کرتا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ بابا گرو نانک کے پیغامِ امن، رواداری اور باہمی ہم آہنگی سے سبق حاصل کریں اور ایک ایسی دنیا کے قیام کے لیے کوشاں رہیں جو اتحاد، باہمی احترام اور امن کی علامت ہو۔









