بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ستائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری،وزیراعظم اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کی ملاقات

ستائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کے تناظر وزیراعظم اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کی ملاقات ہوگئی۔ پیپلزپارٹی کا وفد ملاقات کے بعد سی ای سی اجلاس میں شرکت کیلئے کراچی روانہ ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا، پیپلز پارٹی وفد نے اپنی تجاویز وزیراعظم کے سامنے رکھیں۔ملاقات میں مجوزہ ترمیم ۔کی شقوں اور مؤقف پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

دوسری جانب ستائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے حکومت کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔ رابطوں میں تیزی آگئی۔ نمبر گیم پوری ہونے کا بھی دعویٰ کیا جارہا ہے۔

حکومت کو جے یو آئی کے بغیر ہی سینیٹ میں 65 ارکان کی حمایت ملنے کا یقین ہے۔ 96 کے ایوان میں پیپلزپارٹی کے 26۔ ن لیگ کے 20۔ بی اے پی کے 4۔ ایم کیوایم اور اے این پی کے 3،3 سینیٹرز موجود ہیں۔ اے این پی اور 7 آزاد سینیٹرز بھی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔

قبل ازیں لندن میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مضبوط دفاع کیلئے ستائیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے تبدیلیاں کریں گے، ہمارا دفاع کا طریقہ کار 1971 کا وضع کردہ ہے۔ 45 سال میں جنگی حکمت عملیاں بدل چکیں ۔ مضبوط عدلیہ، مضبوط دفاع اور مضبوط جمہوریت ہماری خواہش ہے۔ کوئی ایسی ترمیم نہیں لائیں گے جس سے آئین کی بنیاد کمزور ہو۔