فیصل آباد (نیوز ڈیسک) اقبال کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔
پاکستانی بیٹر سلمان آغا اور آل راؤنڈر محمد نواز نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ سلمان آغا نے 82 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی، جبکہ محمد نواز نے 56 گیندوں پر تین چوکے، اور تین چھکے لگائے۔
اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، حسن نواز اور ابرار احمد پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔ فہیم اشرف اور وسیم جونیئر کو شامل کیا گیا ہے جبکہ جنوبی افریقی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی جبکہ سیریز کا تیسرا میچ 8 نومبر کو اقبال اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔









