اسلام آباد (محمد ارسلان سے) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان آ کر خوشی ہوئی ہے، 2017 کے بعد یہ میرا پہلا دورہ ہے، میں اچھے وقت میں آیا ہوں کیونکہ اب یہاں فٹبال کی منتخب باڈی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہمارے سامنے ایک واضح روڈ میپ ہے، ہم فیفا اور اے ایف سی کے تعاون سے اس خوبصورت ملک میں فٹبال ٹیم کو ترقی دیں گے۔فیفا کے سینئر نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے لوگ اس کھیل کو قریب سے فالو کرتے ہیں، ہمیں اس کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے، انفراسٹرکچر اتنا اچھا نہیں ہے لیکن اور پروگراموں سے اسے بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، مستقبل قریب میں آپ کو تبدیلیاں نظر آئیں گی۔اس موقع پر چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان آمد پر فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فٹبال کے فروغ کیلئے ان کی آمد انتہائی اہم ہے، وزیر اعظم کے وڑن کے تحت کھیلوں کے میدان میں مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں، فیفا کے ساتھ مل کر پاکستان میں موجود ٹیلنٹ تلاش کریں گے، وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگراموں میں ہماری تیس کھیلوں پر خصوصی توجہ ہے۔چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے مزید کہا کہ نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں پر مثبت انداز میں عمل ہو رہا ہے۔
پاکستان میں فٹبال فروغ کیلئے تعاون کرینگے، نائب صدر فیفا








