بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزارتِ اطلاعات نے بھارتی گودی میڈیا کے جھوٹے پراپیگنڈے کا پول کھول دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی میڈیا کے پاکستان مخالف پراپیگنڈے کا پول کھول دیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ بھارتی نشریاتی اداروں فرسٹ پوسٹ اور نیوز18 کی جانب سے پھیلائی گئی من گھڑت اور گمراہ کن رپورٹس مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں۔

فرسٹ پوسٹ نے بے بنیاد دعویٰ کیا کہ پاکستان کی عسکری قیادت نے امریکی حمایت یافتہ غزہ امن مشن کے تحت اسرائیل سے فوجی تعیناتی کے بدلے 10 ہزار ڈالر مانگے۔ اسی طرح نیوز18 نے اپنی رپورٹ میں پاکستان، موساد اور سی آئی اے کے درمیان خفیہ ملاقاتوں کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا۔

وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ نہ پاکستان، نہ اسرائیل اور نہ ہی امریکہ کی جانب سے ایسی کسی ملاقات یا مالی گفتگو کا کوئی ثبوت یا سرکاری تصدیق موجود ہے۔ وزارتِ خارجہ اور پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بھی ان خبروں کو یکسر مسترد کر دیا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی میڈیا مسلسل پاکستان کے خلاف منفی مہم چلا کر جھوٹے بیانیے گھڑ رہا ہے تاکہ پاکستان کی عسکری اور سفارتی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا سکے۔ گودی میڈیا کے یہ اقدامات خطے میں انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کا حصہ ہیں جنہیں پاکستان مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔