بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی تعیناتی ، 10 نومبر تک ہو جائے گی، چیئرمین پی ٹی آئی

اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 10 نومبر (پیر) تک اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی تعیناتی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پاکستان تحریکِ انصاف کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، پی ٹی آئی وفد میں سابق اسپیکر اسد قیصر اور اپوزیشن کے دیگر اراکینِ اسمبلی شریک تھے، ملاقات میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران پی ٹی آئی وفد نے محمود خان اچکزئی کو قائدِ حزبِ اختلاف مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔

بیرسٹر گوہر خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اسپیکر کو کہا کہ قوانین کے مطابق ریکوزیشن جمع کر چکے ہیں، لیڈر آف اپوزیشن ان افراد کا حق ہے جو اپوزیشن بینچز پر بیٹھتے ہیں، عددی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے 74 ارکان کے دستخط کے بعد ہمارا اپوزیشن لیڈر ہونا چاہیے۔

جس پر اسپیکر نے ہمیں کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا معاملہ عدالت میں تھا، اسپیکر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نوٹس آیا ہوا تھا، جوں ہی سپریم کورٹ سے کاپی ہمیں موصول ہوتی ہے تو اس پر مزید پیشرفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گےکہ سپریم کورٹ سے کاپی لے کر اسپیکر آفس میں پہنچائیں، ہم نے کہا ہے کہ پیر تک اسپیکر آفس میں سپریم کورٹ سے کاپی لا کر جمع کروائی جائے، پیر (10 نومبر) تک اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا عمل مکمل ہو جائےگا۔

اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ معاملہ فی الحال عدالت میں زیرِ سماعت ہے، عدالتی فیصلہ سامنے آنے کے بعد اس پر مزید غور کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہاکہ ملکی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کا باہمی مشاورت سے آگے بڑھنا ناگزیر ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہوں، اراکینِ اسمبلی قومی مفاد میں قانون سازی کے عمل کو مؤثر اور مثبت انداز میں آگے بڑھائیں۔