پشاور (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حالیہ بیان کو افسوسناک اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام سیکیورٹی فورسز اور پاک افواج کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور شہداء کے خون کا احترام ان کے ایمان کا حصہ ہے۔
انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا بیان فردِ واحد کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، یہ خیبرپختونخوا کے عوام کا مؤقف نہیں۔ ایسی باتیں دشمن کے بیانیے کو تقویت دیتی ہیں اور عوام میں انتشار و اداروں کے خلاف بداعتمادی پھیلانے کی کوشش کے مترادف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مساجد اور شہداء کے تقدس کے نام پر نفرت پھیلانا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ وزیراعلیٰ کا منصب سنجیدگی، ذمہ داری اور قومی یکجہتی کا تقاضا کرتا ہے، نہ کہ اداروں سے ٹکراؤ اور انتشار کا۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف ہمیشہ امن، ترقی اور استحکام پر مبنی رہا ہے، اور یہی عوام کا اصل حق ہے جس کے لیے پارٹی پرعزم ہے۔









