پونا(ویب ڈیسک)بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں بالی ووڈ فلم سے آئیڈیا لے کر شوہر نے اپنی بیوی کو قتل کرکے مقتولہ کی لاش بھٹی میں جلادی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سمیر جادھو کی مقتولہ انجلی کے ساتھ 2017ء میں شادی ہوئی تھی، انجلی ایک پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر تھی جبکہ سمیر ایک گیراج چلاتا تھا۔
جوڑا پونے کے شیوانے علاقے میں اپنے 2 بچوں کے ساتھ رہتا تھا، جو اس وقت دیوالی کی چھٹیوں میں گاؤں گئے ہوئے تھے۔
تحقیقات کے مطابق 26 اکتوبر کو سمیر نے بیوی کو ایک گودام میں لے جا کر قتل کیا، جہاں وہ پہلے ہی ایک آہنی بھٹی تیار کر چکا تھا تاکہ شواہد مٹائے جا سکیں۔ اس نے انجلی کا گلا گھونٹ کر قتل کیا، پھر لاش کو بھٹی میں جلا کر راکھ قریبی دریا میں بہا دی۔
بیوی کو قتل کرنے کے بعد ملزم پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے بار بار تھانے جاتا رہا، حیران کن طور پر ملزم نے اقبالِ جرم کے دوران انکشاف کیا کہ اس نے یہ قتل کا منصوبہ بالی فلم سے متاثر ہو کر بنایا تھا، جسے اس نے کم از کم 4 مرتبہ دیکھا تھا۔
ابتدا میں پولیس کو شبہ تھا کہ سمیر نے بیوی کو بدچلنی کے شک میں مارا، مگر بعد ازاں پتہ چلا کہ خود سمیر ایک دوسری عورت کے ساتھ تعلق میں تھا۔
اس نے اپنے جرم کو چھپانے کے لیے انجلی کے فون سے اپنے ایک دوست کو ’آئی لو یو‘ کا پیغام بھیجا اور پھر خود ہی جواب دیا تاکہ ایسا لگے کہ انجلی کسی اور مرد کے ساتھ تعلق رکھتی ہے۔
قتل کے بعد سمیر نے گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی اور روزانہ تھانے جا کر پولیس سے بیوی کو تلاش کرنے کی درخواست کرتا رہا، اس کی بار بار کی بے چینی نے آخر کار پولیس کو مشکوک بنا دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی شواہد اور بیانات میں تضاد کے بعد سمیر سے تفتیش کی گئی، جس پر اس نے آخرکار جرم قبول کر لیا۔









