اسلام آباد ( نیوزڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کا سنگین خطرہ درپیش ہے، عالمی تعاون کے بغیر چیلنجز سے نمٹنا ناممکن ہے۔
اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے، انسانیت کو آج کئی طرح کے چیلنجز درپیش ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی کونسل عالمی امن واستحکام کی بنیادی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہے، عالمی ادارے کمزور ہوتے جارہے ہیں، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کا سنگین خطرہ درپیش ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا کاربن اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہورہا ہے، چیلنجز سے عہدہ برآہونے کیلئے کثیرالجہتی اداروں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی تعاون اورنفاذ کے مؤثر نظام کے بغیر چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہیں، عالمی معاشی مساوات کوفروغ دینا ضروری ہے، اس مکالمے کا موضوع عصرحاضر کے تقاضوں سے انتہائی مطابقت رکھتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قرضوں کے بحران نےدنیا کے 100سے زائد ممالک کو منفی طور پر متاثر کیا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک سب کے لیے بلاتفریق رسائی ضروری ہے۔









