بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’سری لنکن ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے‘، محسن نقوی کا راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ

راولپنڈی(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم میں جاری سری لنکا بمقابلہ پاکستان میچ کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے، مہمان ٹیم کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ امن و استحکام کے ساتھ ساتھ کھیلوں و دیگر سرگرمیوں کا فروغ ہمارامشترکہ مقصد ہے۔

واضح رہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب آج دوپہر اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر پولیس کی گاڑی پر خُودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوگئے تھے۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’پی ٹی وی نیوز‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ اسلام آباد جی الیون کچہری کے باہر بھارتی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنۃ الخوارج نے خودکش دھماکا کیا۔