اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز تیزی دیکھی گئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 313 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 58 ہزار 183 پر بند ہوا۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس313 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 58 ہزار 183 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مجموعی طور پر 480 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جبکہ 235 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 188 کے شیئرز کی قدر میں اضافہ ہوا۔
دوسری جانب، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ فارما کمپنیوں کے منافع میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
فارماکمپنیوں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی اعداد وشمار کے مطابق پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر) کے دوران فارما کمپنیوں کو 10.40 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا۔
جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں فارما کمپنیوں کو 7.98 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں فارما کمپنیوں کی مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 14 فیصدا ضافہ ہوا ۔
پہلی سہ ماہی میں کمپنیوں کی فروخت کا حجم 94.09 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 82.24 ارب روپے تھا۔









