بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی، سینیٹر علی ظفر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی پر مبنی کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیفیکشن (Defection)، جو فریب اور دھوکے پر مبنی ہو، آئین کے منافی ہے اور اس سے جمہوری نظام متاثر ہوتا ہے۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 63 اے واضح طور پر کہتا ہے کہ کوئی رکن پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ نہیں دے سکتا، اور اگر ایسا کرے گا تو وہ نااہلی (Disqualification)کا مرتکب ہوگا۔ ان کے مطابق یہ آئینی عمل ایک باقاعدہ پروسیس ضرور رکھتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آئینی خلاف ورزی کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے آئین کے تحفظ اور پاسداری کی قسم کھائی ہے، اس لیے ہر رکن کو آئین کے مطابق عمل کرنا چاہیے۔ علی ظفر نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں جو ترمیمی بل واپس لایا جا رہا ہے، وہ ان کے خیال میں پائیدار (Sustainable) نہیں ہے اور عدالتی سطح پر اس کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

سینیٹر نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ آئین جیسے مقدس دستاویز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ آئین سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔