اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی عدالت کے سربراہ سے آج رات کو بھی ایوان صدر میں حلف لیا جاسکتا ہے۔
ایوان صدر میں چیف جسٹس آئینی عدالت کے حلف کی تیاریاں کی جارہی ہیں، صدر آصف علی زرداری آئینی عدالت کے سربراہ سے حلف لیں گے، جسٹس امین الدین چیف جسٹس آئینی عدالت کا حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع وفاقی حکومت نے بتایا کہ چیف جسٹس آئینی عدالت سے آج رات بھی حلف لیا جاسکتا ہے، وزیراعظم، اسپیکر، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
موجودہ صورتحال میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھیج دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ میں نے ادارے کی عزت، ایمانداری اور دیانت کے ساتھ خدمت کی۔
جسٹس منصور نے اپنے استعفیٰ میں مزید لکھا کہ میرا ضمیر صاف ہے اور میرے دل میں کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔ میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کی حیثیت سے استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔









