واشنگٹن(ویب ڈیسک)اگر آپ کو بھی پابندی سے آدھے سر کا درد (مائیگرئن) ہوتا ہے، تو پھر آپ تنہا نہیں آپ کو ایسے بہت سے لوگوں کی کمپنی میسر آئے گی۔
معروف طبی میگزین دی لانسیٹ نیورولوجی کے دسمبر کے شمارے میں محققین ایک رپورٹ جاری کریں گے جس کے مطابق دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک شخص سر درد کے عارضے میں مبتلا ہے اور اس بیماری سے تین ارب افراد متاثر ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال خاص طور پر خواتین کے لیے زیادہ سنگین ہے، کیونکہ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ انہیں مردوں کے مقابلے میں اپنی زندگی میں سر درد سے متعلق صحت کے مسائل دو گنا سے بھی زیادہ ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس تحقیقی ٹیم کے انویسٹی گیٹر اور یونیورسٹی آف واشنگٹن کے انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایوا لیوایشن میں تحقیقی سائنس دان یووین ژو نے کہا کہ خواتین میں سر درد سے متعلق معذوری کی سطح مردوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہوتی ہے کیونکہ انہیں سر درد زیادہ مرتبہ اور طویل دورانیے تک رہتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کا پتہ لگانا دنیا بھر میں سردرد کی بیماریوں کی روک تھام اور ان کے مؤثر انتظام کو بہتر بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
اس تحقیق کے لیے سائنسدانوں نے 18 ممالک کے تقریباً 42,000 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا تاکہ سال 2023 میں سر درد سے پیدا ہونے والے عالمی صحت کے مسائل کا اندازہ لگایا جاسکے۔









