وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ برطانوی جریدے نے اسٹوری چھاپی کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ سرکاری فیصلوں پر اثر انداز ہوتی تھی، بانی پی ٹی آئی فیصلے ایکسپرٹ سے نہیں بشریٰ بی بی سے پوچھ کر کرتے تھے۔
عطا اللّٰہ تارڑ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ دنیا کے جریدے کہہ رہے ہیں تمام فیصلے ایک خاتون کرواتی تھیں، بانی پی ٹی آئی کے جتنے فیصلے تھے روحانیت کا لبادہ اوڑھے اِن کی اہلیہ کرتی تھی، تمام معاشی اور سیاسی فیصلے اِن کی اہلیہ کیا کرتی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی بشریٰ بی بی کے کہنے پر حکومتی فیصلے کیا کرتے تھے، بانی پی ٹی آئی کی سیاست منافقت، جھوٹ اور بہتان کے سوا کچھ نہیں تھی۔
عطا اللّٰہ تارڑ نے کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے شہباز شریف پر جھوٹا الزام لگایا تھا، شہباز شریف نے عدالت پیش ہو کر پی ٹی آئی کے وکیل کے سوالوں کا جواب دیا، بانیٔ پی ٹی آئی نے مختلف فورمز پر شہباز شریف پر الزامات دہرائے، آج دنیا کے جریدے کہہ رہے ہیں بانی کے فیصلوں کے پیچھے جھوٹ اور بہتان کا نظام تھا۔
اِن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 2017ء کے دھرنوں کے دوران بھی جھوٹے الزامات لگائے گئے، پی ٹی آئی کے پاس الزام تراشی کے سوا کچھ بھی نہیں۔
وفاقی وزیرِ نے یہ بھی کہا کہ وانا کیڈٹ کالج کا سانحہ اے پی ایس سے بڑا ہو سکتا تھا، مسلح افواج اور دیگر فورسز کا کردار قابل ستائش ہے، اسلام کچہری دھماکے کے ملزمان کو پکڑ لیا گیا ہے ، اِن شا اللّٰہ ملک میں امن ضرور آئے گا، ٹیم ورک کے تحت پاکستان میں ان شا اللّٰہ کرکٹ جاری رہے گی۔









