لاہور(نیوز ڈیسک)عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حکومتی معاملات میں کردار کے حوالے سے عالمی جریدے کی رپورٹ پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل سامنے آ گیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے برطانوی جریدے کی بشریٰ بی بی کے بارے میں رپورٹ کو سو فیصد درست اور حقائق کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بعد بشریٰ بی بی کے کارناموں کے چرچے عالمی میڈیا میں ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی جریدے کی رپورٹ نے جعلی پیرخانے اور روحانیت میں چھپی شیطانیت سے پردہ اٹھایا ہے۔ جو مخالفین کو کہتا تھا چھوڑوں گا نہیں وہ خود جعلی طریقے سے اپنی زوجہ تک پہنچائی جانے والی معلومات کو روحانیت سمجھتا تھا۔ 4 سال تک کوچ اور پیرنی نے بانی پی ٹی آئی کو بیوقوف بنایا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے کے دعویدار سے بشری بی بی حلال کرپشن کرواتی رہی۔ پنکی،گوگی ،کوچ اور بزدار نے مل کر بانی پی ٹی آئی کوچار سال ڈگڈی پر نچایاْ جادو ٹونے سے جعلی پیر خانے چلتے ملک اور معیشت نہیں چلتے۔ مخالفین کو دیوار میں چنوانے والوں کی روحانیت تین سال سے دفن ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کو اسی بشریٰ بی بی کی فرمائش پر مینٹل ٹارچر کیا جاتا تھا۔ آج مریم نواز کی حکومت میں بشریٰ بی بی کو جیل میں بی کلاس کی مکمل سہولیات مہیا کی جارہی ہیں ،یہ اپنا اپنا ظرف ہے۔









