بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سارہ چوہدری کا یوٹیوب سے ڈرامے ہٹانے پر چینل کا شکریہ—حجاب کے بعد نئی زندگی کا سفر شیئر

سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے اپنی درخواست پر ان کے حجاب اپنانے سے پہلے کے دو ڈرامے یوٹیوب سے ہٹانے پر نجی انٹرٹینمنٹ چینل کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے نہایت اہم فیصلہ تھا کیونکہ وہ چاہتی تھیں کہ اُن کا پرانا کام اب آن لائن موجود نہ رہے۔
سارہ چوہدری نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز میں اپنے آغاز، کامیابی، اور پھر اس سے کنارہ کشی کے سفر پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 2003 میں شوبز انڈسٹری جوائن کی اور 2010 میں اسے خیر باد کہہ دیا۔
اپنے بیان میں سارہ نے کہا کہ یوٹیوب سے ان کے پرانے ڈراموں کا ہٹایا جانا ان کی ذاتی اور مذہبی ترجیحات کا حصہ تھا، اور وہ خوش ہیں کہ چینل نے ان کی خواہش کا احترام کیا۔ مداحوں کے ردعمل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ لوگوں نے ان کے فیصلے کو مثبت انداز میں قبول کیا اور اُن کی ترجیحات کو سراہا۔
سارہ چوہدری نے بتایا کہ وہ مالی استحکام، گاڑی اور گھر جیسے خواب لے کر شوبز میں آئی تھیں اور اللہ کے فضل سے وہ سب کچھ حاصل بھی ہوا۔ تاہم زندگی میں ایک وقت ایسا آیا جب انہوں نے روحانی سکون کی تلاش میں اپنی زندگی کا رخ بدلنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کی سب سے بڑی رہنمائی اللہ کی طرف سے ملی۔ انہوں نے قرآن کا ترجمے کے ساتھ مطالعہ شروع کیا، حجاب و نقاب اپنایا اور نماز کی پابندی شروع کی۔ یہ سفر آسان نہیں تھا—مالی دباؤ اور جذباتی چیلنجز بھی آئے—لیکن اُن کے مطابق اللہ کی مدد اور مذہبی ماحول نے انہیں مضبوط رکھا۔