اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے عالمی پارلیمانی اور کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی جس دوران علاقائی و عالمی امن، معاشی راہداریوں اور پاکستان کے جغرافیائی کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری طرف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سےگورنرپنجاب سردارسلیم حیدر نے بھی ملاقات کی۔
بلاول بھٹو سے ملاقات کرنے والے عالمی وفد میں برطانیہ، ناروے اور آسٹریا کے پارلیمنٹرینز سمیت دیگر افراد شامل تھے۔ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں متعلقہ ممالک و اداروں میں باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان دنیا کے لئے ایک قابل اعتماد دوست ملک ہے۔ پاکستان انفراسٹرکچر،توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی ،آئی ٹی کے شعبوں میں عالمی سرمایہ کاروں کیساتھ اشتراک چاہتا ہے۔ ڈیجیٹل سیکیورٹی کے میدان میں عالمی سطح پر تعاون انتہائی ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے افغانستان، وسطی ایشیا اور خلیجی منڈیوں کیساتھ روابط کو وسعت دینے کی وفد کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ دوسری طرف چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سےگورنرپنجاب سردارسلیم حیدر بھی ملے۔ ملاقات میں صوبےکی سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ ترجمان پیپلزپارٹی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری سے گلگت بلتستان کےگورنرسید مہدی شاہ کی ملاقات بھی ہوئی۔ گلت بلتستان خطےکی سماجی،انتظامی اورسیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔









