اسلام آباد :(نیوزڈیسک) محمود خان اچکزئی کو تحریک تحفظ آئین کی سربراہی سے ہٹانے اور مولانا فضل الرحمان کو سربراہ بنانے پر غور جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی کے بعد محمود اچکزئی کو تحریک تحفظ آئین کی سربراہی سے ہٹانے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی ودیگر اپوزیشن اتحاد کی سربراہی کے معاملے پر مشاورت کر رہی ہیں اور غور کیا جا رہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو اتحاد کا سربراہ بنایا جائے، اس ضمن میں پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتیں جے یو آئی کو اتحاد میں شامل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کر رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چند رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد کی سربراہی دینے کی مخالفت کی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ اگر معاملات طے پا گئے تو نئے اتحاد کو “گرینڈ اپوزیشن الائنس” کا نام بھی دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فضل الرحمان سے بات چیت چل رہی ہے ابھی تک 60 فیصد معاملات پر اتفاق ہے، آئندہ 2 سے 3 روز میں پی ٹی آئی وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا اور حتمی بات چیت کے بعد بانی پی ٹی آئی سے نئے اپوزیشن اتحاد کی منظوری لی جائے گی۔









