بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی اے کو فروری 2026 تک فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کا ہدف دیدیا گیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان میں ٹیلی کام سروسز کی کوالٹی کے مسائل اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر وفاقی حکومت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو فروری 2026 تک فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا ٹاسک دے دیا۔

ڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے لائسنسنگ عامر شہزاد نے سماء سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ملک میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی مانگ ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے۔ موجودہ اسپیکٹرم کی کمی کے باعث ٹیلی کام آپریٹرز کو سروس کے معیار اور صارفین کی بڑھتی شکایات کا بھی سامنا ہے۔

عامر شہزاد نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس اس وقت مجموعی طور پر صرف 274 میگاہرٹز اسپیکٹرم موجود ہے۔ اسپیکٹرم کی دستیابی کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں سب سے پیچھے شمار ہوتا ہے۔ ڈی جی لائسنسنگ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں 2026 کے آخر تک بہتر اور معیاری براڈ بینڈ سروس دستیاب ہوگی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے لائسنسنگ عامر شہزاد نے کہا کہ فائیو جی کے حوالے سے تیزی سے پیش رفت ہورہی ہے اور ٹیلی کام آپریٹرز کے لیے 600 میگاہرٹز کا نیا اسپیکٹرم لایا جا رہا ہے۔ حکومت نے فروری تک فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا ہدف دیا ہے ۔ حکومت فائیو جی اسپیکٹرم سے متعلق انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی رپورٹ کا جائزہ لے رہی ہے۔ حکومت کی پالیسی ڈائریکشن کے بعد نیلامی کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔