اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی دارالحکومت میں پہلے سیون اسٹارہوٹل اور نیا کنونشن سینٹر تعمیر کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے ۔ نئے کنونشن سینٹر میں ایکسپو اور ایگزیبیشن مرکز بھی شامل ہو گا۔
اعلامیہ کے مطابق 19 ارب 37 کروڑ روپے لاگت سے جدید کنونشن سینٹر 18 ماہ میں مکمل کیا جائے گا ۔ جو قومی اور بین الاقوامی تقریبات کا مرکزی مقام بنے گا ۔ واضح رہے کہ 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس نئے کنونشن سینٹر میں ہی ہوگا۔
ایس سی او اجلاس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں پہلا سیون اسٹار ہوٹل تعمیر کرنے کے لیے بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ سی ڈی اے نے عالمی فرموں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یا جوائنٹ وینچر کے تحت منصوبہ مکمل کرنے کی دعوت دے دی ہے۔
ریڈ زون میں تعمیر کیے جانے والے اس سیون اسٹار ہوٹل میں عالمی معیار کے کانفرنس ہال، سیمینار ہال، بینکوئٹ ہال اور کمروں کے ساتھ ملٹی اسٹوری پارکنگ اور جدید سیکیورٹی سسٹمز بھی نصب کئے جائیں گے ۔ ہوٹل کے لیے عالمی ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد کے مختلف مقامات پر 6 اسٹیل پیڈسٹرین برج تعمیر کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جن پر 5 ارب چوہتر کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔









