غزہ (نیوزڈیسک)35 فلسطینیوں کو دراندازی اور چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔اسرائیل 10 نومبر سے اب تک 497 مرتبہ غزہ امن معاہدے کیخلاف ورزی کرچکا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے 10 نومبر سے جنگ بندی معاہدے کی 497 دستاویزی خلاف ورزیاں کی ہیں، جو کہ بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیاں ہیں۔
غزہ کے سرکاری میڈیا کا کہنا تھا کہ صرف ہفتے کے روز 27 خلاف ورزیاں ہوئیں جس کے نتیجے میں 24 فلسطینی ہلاک اور 87 دیگر زخمی ہوئے۔
جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے اب تک کل 342 شہری جن میں زیادہ تر خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں، ہلاک اور 875 زخمی ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ 35 فلسطینیوں کو دراندازی اور چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔
غزہ حکومت نے جاری خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور امریکا، بین الاقوامی ثالثوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ حملے روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے لیے فوری کارروائی کریں۔
واضح رہے کہ جنگ بندی غزہ میں دو سال سے زیادہ اسرائیلی حملوں کے بعد ہوئی جس میں 69,000 سے زیادہ فلسطینی ہلاک، 170,000 سے زیادہ زخمی ہوئے اور تقریباً 90 فیصد علاقے کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔









