اسلام آباد:(طارق سمیر)پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی قیادت اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور اور مؤثر انداز میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن انتخابی عمل اور مہم میں پوری قوت کے ساتھ شرکت کریں۔پارٹی ترجمان کے مطابق چوہدری شجاعت حسین کی خصوصی ہدایت پر پارٹی ترجمان کل تین روزہ تنظیمی دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے، جہاں مختلف سیاسی و تنظیمی امور پر مشاورت کی جائے گی۔چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی رہنماؤں ڈاکٹر رفیع اللہ، شکور مری اور بشیر خان اچکزئی سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی، جس میں صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک بھی موجود تھے۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور امن و استحکام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے معدنیات کے وسیع ذخائر صوبے کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔ان قیمتی معدنی ذخائر پر دنیا کی نظریں ہیں، امن و استحکام سے ان کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔بلوچستان کی ترقی ہماری قومی ترجیح ہے ، بلوچ عوام کے حقوق اور ترقیاتی منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔بلوچستان کو نظرانداز کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر پر فوری توجہ ناگزیر ہے۔وفاق اور صوبہ مل کر بلوچستان کے مسائل کا پائیدار حل نکالیں۔ترقی کے ثمرات بلوچستان کے عوام تک پہنچانا وقت کی ضرورت ہے ، مضبوط بلوچستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔سی پیک میں بلوچستان کو مزید نمائندگی دینا ہوگی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔چوہدری شجاعت حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ق) صوبے میں امن، ترقی اور بہتر حکمرانی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
مسلم لیگ (ق) کا کوئٹہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ








