بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بی آئی ایس پی کا انقلابی اقدام: 1 کروڑ والٹ اکاؤنٹس کا آغاز

اسلام آباد(طارق سمیر)سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد کا ملک کے 100 سے زائد اضلاع میں سوشل پروٹیکشن والٹس کے اجراء کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر مفت سموں کی تقسیم کا جائزہ سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عامر علی احمد نےآج بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اجلاس کے دوران سوشل پروٹیکشن والٹس کے ملک کے 100 سے زائد اضلاع میں اجراء کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر مستحق خواتین میں مفت سموں کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ اب تک ملک بھر میں 112,122 (تقریبا 1 لاکھ 12 ہزار) مفت سمیں تقسیم کی جا چکی ہیں۔اجلاس کے دوران ریئل ٹائم ڈیش بورڈ کا بھی معائنہ کیا گیا، جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والے اعدادوشماردکھائے گئے۔ اس موقع پر ٹیلی کام کمپنیوں، ایس سی اوز، پی ٹی اے اور نادرا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔مفت سموں کی تقسیم وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزارتِ آئی ٹی کے تعاون سے کی جا رہی ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل والٹس کو انہی سموں کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔ BISP کی تاریخ میں پہلی بار 1 کروڑ مستحقین کے لیے والٹ اکاؤنٹس بنائے جا رہے ہیں، جو شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے ادائیگی کا ایک باوقار طریقہ فراہم کریں گے۔مارچ 2026 کے اختتام تک اس عمل کو مکمل کرلیا جائیگا جس کے تحت لاکھوں مستحقین کی پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں شمولیت کو یقینی بنایا جائیگا۔