کراچی:(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور قطری شاہی خاندان کے رکن شیخ احمد بن ثانی نے اعلیٰ سطح کی روابط میں اضافہ کرنے اور خصوصاً سندھ کے پانی اور زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ نے شیخ احمد بن ثانی کو باضابطہ دعوت دی اور سندھ کی مضبوط معاشی صلاحیتوں اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ اپنے معاونین کے ہمراہ آنے واے شیخ احمد نے زرعی شعبے اور پانی کے انتظام سے متعلق جدید ٹیکنالوجیز میں گہری دلچسپی ظاہر کی، ملاقات کا محور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور مستقبل کے تعاون کو فروغ دینا تھا۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے وفد کو اہم منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کراچی کے لیے بڑے ڈیسالینیشن اور واٹر ڈسٹری بیوشن منصوبے تیار کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے زرعی منصوبے بھی جاری ہیں۔ ٹھٹھہ سے کشمور تک بڑے پیمانے پر زرعی منصوبے خاطر خواہ منافع فراہم کرسکتے ہیں۔
انہوں نے صوبے میں قابلِ تجدید توانائی، ایگرو پراسیسنگ، ڈیری اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش پر بھی روشنی ڈالی۔فریقین نے اعلیٰ سطح پر رابطے جاری رکھنے اور اپنی تکنیکی ٹیموں کے درمیان فالو اپ ملاقاتیں شیڈول کرنے پر اتفاق کیا۔
شیخ احمد بن ثانی نے اعلان کیا کہ قطری سرمایہ کاروں کا ایک وفد جلد سندھ کا دورہ کرے گا تاکہ مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے۔









