بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

طالبان دور میں بدترین انسانی بحران — سرد موسم نے افغان عوام کی تکلیفیں مزید بڑھا دیں

افغانستان میں سردی کی آمد نے پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ غربت، بھوک اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی نے لاکھوں افغانوں کی زندگی کو پہلے سے کہیں زیادہ مشکل کر دیا ہے۔
افغان میڈیا ’’آمو ٹی وی‘‘ کی رپورٹ کے مطابق، ملک کے کئی علاقوں میں ایسے خاندان موجود ہیں جو اپنے بچوں کے لیے جوتے، گرم کپڑے اور کھانے پینے جیسی بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کر پا رہے۔ شدید سردی میں چھوٹے بچے ننگے پاؤں اور پھٹے پرانے کپڑوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ معاشی بدحالی نے عام شہریوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔
متعدد افغان خاندانوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس نہ مناسب کھانا ہے، نہ صاف پانی، اور نہ ہی اپنے بچوں کو سردی سے بچانے کے لیے گرم لباس۔
آمو ٹی وی کے مطابق یہ صورتحال افغانستان میں جاری وسیع انسانی بحران کا صرف ایک حصہ ہے، جبکہ حقیقت اس سے کہیں زیادہ درد ناک ہے۔
اقوام متحدہ نے بھی خبردار کیا ہے کہ رواں سال تقریباً دو کروڑ افغان شہری فوری انسانی امداد کے محتاج ہیں، اور بروقت مدد نہ ملی تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات تک رسائی کی کمی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ طالبان حکومت کی بدانتظامی اور نااہلی بتائی جا رہی ہے۔