کوئٹہ:(نیوزڈیسک)بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل سنی میں ایک گھر میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے، جن کی حالت تشویش ناک ہے۔
قائم مقام ایس پی کچھی جان محمد کھوسہ نے بتایا کہ دھماکا عبدالحئی جتوئی کے گھر میں ہوا جہاں اس وقت گھر کے افراد موجود تھے اور دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مکان کی چھت گر گئی اور دیواریں منہدم ہو گئیں۔
ایس پی کچھی نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں 14 سالہ ندیم احمد، 13 سالہ سونا خان اور 13 سے 14 سالہ بی بی بختاور شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے تین افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے دو روز قبل رات کے وقت اس گھر میں بارودی مواد بچھایا تھا جو آج دھماکے سے پھٹ گیا، واقعے کی نوعیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک ٹارگٹڈ دھماکا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا اور فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کچھی نے بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تفتیش جاری ہے، حساس ادارے بھی تحقیقات میں شامل ہو گئے ہیں۔
شہریوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ سے علاقے میں امن و امان کی صورت حال خراب چلی آ رہی ہے اور اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، دوسری جانب تاحال کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔









