بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الاسکا میں 6.0 شدت کا زلزلہ، اینکریج چند سیکنڈ میں لرز اُٹھا

امریکا کی ریاست الاسکا میں 6.0 شدت کے زلزلے نے اینکریج شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو اچانک ہلا کر رکھ دیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ سسٹینا کے علاقے میں تقریباً 69 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جبکہ مرکز اینکریج سے تقریباً 12 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجکر 11 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد شہری خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ الاسکا ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ نے ہائی ویز، پلوں، سرنگوں اور ایئرپورٹس کی ہنگامی جانچ شروع کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان کی فوری شناخت کی جا سکے۔
حکام کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، اور سفر میں رکاوٹوں کا امکان بھی کم ہے۔ امریکی نیشنل سونامی وارننگ سینٹر نے ابتدائی معلومات کی بنیاد پر واضح کیا ہے کہ سونامی کا کوئی خطرہ موجود نہیں۔
یاد رہے کہ الاسکا کی تاریخ کا سب سے بڑا زلزلہ 27 مارچ 1964 کو آیا تھا، جب 9.2 شدت کے زلزلے اور سونامی نے 131 افراد کی جان لے لی تھی۔ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور آفٹر شاکس کے امکانات کو بھی مکمل طور پر مسترد نہیں کیا گیا۔