بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

واشنگٹن میں امریکی نیشنل گارڈز کی 20 سالہ اہلکار سارا بیک اسٹروم ہلاک، صدر ٹرمپ کا خراجِ عقیدت

واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے قریب افغان شہری کی گھات لگا کر فائرنگ میں شدید زخمی ہونے والی نیشنل گارڈز کی 20 سالہ اہلکار سارا بیک اسٹروم دم توڑ گئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس افسوسناک خبر کی تصدیق تھینکس گیونگ کے موقع پر سروس ممبرز سے گفتگو کے دوران کی اور سارا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ سارا ایک شاندار، باصلاحیت اور انتہائی باوقار نوجوان اہلکار تھیں، جنہوں نے جون 2023 میں سروس شروع کی اور ہر لحاظ سے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے افغان حملہ آور کے بھی شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی اور واضح کیا کہ نیشنل گارڈز اور سیکیورٹی فورسز ملک کی خدمت کے لیے جانیں ہتھیلی پر رکھ کر کام کر رہے ہیں اور ان پر حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں امریکہ کی عسکری طاقت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ امریکہ کے پاس دنیا کی سب سے مضبوط فوج اور جدید ترین دفاعی آلات موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی 2 بمبار طیاروں نے 37 گھنٹے کی طویل فلائٹ کے بعد اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور پائلٹس بالکل ٹام کروز کی طرح بہادر اور ماہر ہیں۔ مزید یہ کہ کچھ ہی دیر قبل امریکی فضائیہ کی طاقت بڑھانے کے لیے مزید بی 2 بمبار طیاروں کے آرڈرز پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کے اس حملے میں سارا کے ساتھ ایئر فورس اسٹاف 24 سالہ سارجنٹ اینڈریو وولف بھی زخمی ہوئے تھے۔ دونوں اہلکاروں کو ایمبوش اسٹائل فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ ڈیوٹی سے واپس آ رہے تھے، حملہ اتنا اچانک تھا کہ انہیں دفاع کا موقع بھی نہ مل سکا۔ سارا بیک اسٹروم اور اینڈریو وولف نیشنل گارڈ کے اہلکار تھے جنہیں اگست میں واشنگٹن ڈی سی بھیجا گیا تھا، جب صدر ٹرمپ نے وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعداد بڑھانے کے لیے مختلف ریاستوں سے نیشنل گارڈ طلب کیے تھے۔