اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نےکہا ہے کہ عمران خان سے اُن کی بہنوں کی ملاقات پر سیاست نہ کی جائے، سب سے گزارش ہے جذبات میں نہ آئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں سے عمران خان سے ملاقاتوں پر متعدد بار پابندی لگائی گئی، کچھ لوگوں نے غیر زمہ دارانہ بیان دیے ہیں، میں ان کی مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صاحب اختیار سے عرض کرتا ہوں کہ خان صاحب کی بہنوں کی ملاقات نہ روکی جائے، عمران خان ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں، ان سے ملاقات میں سیاسی بات ہوگی، وہ ملک کا پوچھیں گے ہم ملک کا بتائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی لگانا اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے، ہم آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ہم اپنے قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔









