بھارتی ویمن کرکٹر سمریتی مندھانا اور موسیقار پالاش مچل کی منسوخ شدہ شادی کے بارے میں کئی دنوں سے گردش کرنے والی افواہوں کے بعد، دونوں نے بالآخر اپنی خاموشی توڑی ہے۔
سمریتی مندھانا نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے تصدیق کی کہ ان کی شادی منسوخ ہو چکی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی نجی زندگی کو انتہائی پرائیویٹ رکھتی ہیں اور صرف اتنا بتانا چاہتی ہیں کہ شادی اب نہیں ہوگی۔
سمریتی کے اعلان کے فوراً بعد پالاش مچل نے بھی انسٹاگرام پر ایک تفصیلی نوٹ شیئر کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بے بنیاد افواہیں اور بےوفائی کے الزامات بالکل درست نہیں ہیں۔ پالاش نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، لیکن جھوٹے بیانات نے انہیں شدید تکلیف دی ہے۔
پالاش نے اس دور کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل وقت قرار دیا اور کہا کہ وہ اسے وقار کے ساتھ سنبھالیں گے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ جھوٹے اور الزام تراش مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دونوں کی شادی 23 نومبر 2025 کو سانگلی، مہاراشٹر میں طے تھی، مگر سمریتی کے والد کی طبیعت خراب ہونے اور بعد میں پالاش کی اسپتال منتقلی کے سبب دونوں نے میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز سے دور رہنا شروع کیا تھا۔









