بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سینیٹ کو ہنگامہ آرائی کا میدان نہیں بننے دیں گے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(نیوزڈیسک) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ایوان میں نظم و ضبط یقینی بنانے کا اعلان کردیا۔ ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور بے قابو رویے کے خلاف سخت کارروائی کا پیغام دے دیا

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ سینیٹ کو ہنگامہ آرائی کا میدان نہیں بننے دیں گے اور ایوان کا تقدس ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رولنگ پر مکمل عمل درآمد کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں پارلیمانی لیڈرز کو خطوط بھی ارسال کیے جا چکے ہیں۔ سیدال خان نے کہا کہ ہنگامہ آرائی، شور شرابہ اور بد نظمی ناقابل برداشت ہے اور اجلاس نظم و ضبط کے مطابق چلایا جائے گا۔

ڈپٹی چیئرمین نے قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں غیر ضروری نعرے بازی پر پابندی ہوگی اور بد نظمی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں اور رولنگ پر عمل درآمد کے بعد ایوان کے ماحول میں بہتری متوقع ہے۔