لاہور:(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب سہولت بازار اتھارٹی نے ایک اور نمایاں اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو سوئٹزرلینڈ کے ایک مستند عالمی ادارے کی جانب سے اعلیٰ معیار پر انٹرنیشنل سرٹیفکیٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو آئی ایس او 901 اور آئی ایس او 27001 کے سرٹیفکیٹس عطا کیے گئے ہیں، جس کے بعد یہ ادارہ اپنی نوعیت کا پہلا منفرد ادارہ بن گیا ہے جو دونوں عالمی سرٹیفکیٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔
پنجاب سہولت بازار اتھارٹی نے صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 17 ہزار سے زائد سٹال قائم کرنے کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ پنجاب کے 36 اضلاع میں 6 ہزار سٹال قائم کیے گئے ہیں جبکہ نئے بننے والے 10 سہولت بازاروں میں ایک ہزار سٹال لگائے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ صوبہ بھر میں ویک اینڈ پر لگنے والے 10 ہزار سے زائد عارضی سٹال بھی عوام کی سہولت کے لیے موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو عالمی سرٹیفکیشن ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مزید تین اضلاع میں جنوری تک سہولت بازاروں کا آغاز کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیائے صرف کی فراہمی کے لیے سہولت بازار اتھارٹی کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ سہولت بازار اتھارٹی نے صوبہ بھر میں پھل، سبزیوں اور دیگر اشیائے صرف سستے داموں فراہم کر کے قابل قدر عوامی خدمت سرانجام دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سستی اور معیاری اشیاء کا حصول پنجاب کے عوام کا حق ہے اور پنجاب کے سرکاری اداروں کو صحیح معنوں میں خدمت کے مراکز بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب میں سستی روٹی اور سستا آٹا عوام کے لیے احساس کا ناقابل تردید ثبوت ہے، جبکہ سہولت بازاروں کا دائرہ کار ڈویژن، اضلاع اور تحصیلوں سے بتدریج چھوٹے شہروں تک وسیع کرنے کا عزم بھی رکھا گیا ہے۔









