اسلام آباد(نیوزڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سڈنی دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آسٹریلوی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آسٹریلوی شہر سڈنی میں دہشتگرد حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
صدرآصف علی زرداری کا کہنا ہے پاکستان خود دہشتگردی سے شدید متاثر رہا ہے، اس طرح کے حملوں کے درد اور صدمے کو بخوبی سمجھتے ہیں، صدرِ مملکت نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر پیغام میں کہا سڈنی حملے کے متاثرین سے دلی ہمدردی ہے۔ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور مشکل وقت میں آسٹریلوی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے شہرسڈنی میں یہودیوں کے تہوار کے دوران فائرنگ سے 12 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ سڈنی پولیس کے مطابق ایک حملہ آور جوابی کارروائی میں مارا گیا۔ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے فائرنگ کو دہشت گردی کا واقعہ قراردے دیا۔









