پیرس (ویب ڈیسک): پیرس میں جدید فضائی ٹرانسپورٹ کا آغاز کردیا گیا ہے، جہاں دارالحکومت کے جنوب مشرقی علاقے میں پہلی بار شہریوں کیلئے کیبل کار C1 کا افتتاح کیا گیا۔ اس جدید منصوبے کا مقصد سفر کے اوقات میں کمی لانا اور مختلف علاقوں کو میٹرو نیٹ ورک سے بہتر طور پر منسلک کرنا ہے۔
گریٹر پیرس کے علاقے میں قائم کی جانے والی یہ کیبل کار سروس مسافروں کو سفر کا ایک نیا اور منفرد تجربہ فراہم کرے گی، جہاں دورانِ سفر شہری خوبصورت اور دلکش مناظر سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ کیبل کار 4.5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کرتیائی کو ویلنیو سینٹ جورج سے جوڑتی ہے۔
اس منصوبے کے تحت 105 کیبنز چلائی جائیں گی، جن کے ذریعے روزانہ تقریباً 11 ہزار مسافروں کو سفر کی سہولت میسر آئے گی، جبکہ ہر کیبن میں 10 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ بس یا کار کے ذریعے تقریباً 40 منٹ میں طے ہونے والا یہ سفر اب کیبل کار کے ذریعے صرف 18 منٹ میں مکمل کیا جا سکے گا۔
فرانسیسی حکام کے مطابق یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ اس سے کاربن اخراج میں کمی آئے گی اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے متبادل ذرائع کو فروغ ملے گا۔ 138 ملین یورو کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ سب وے کے مقابلے میں کم خرچ ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ فرانس کی پہلی شہری کیبل کار 1934 میں ایلپس کے دامن میں واقع شہر گرینوبل میں تعمیر کی گئی تھی۔









