ریاض:(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے اقوامِ متحدہ کے اتحادِ تہذیبوں (UNAOC) کے 11ویں عالمی فورم میں شرکت کی۔
اجلاس میں اقوامِ متحدہ کے اتحادِ تہذیبوں کے قیام کے 20 سال مکمل ہونے کا جشن بھی منایا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مصدق ملک نے عالمی نظام میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہمیں یہ تصور دیا گیا تھا کہ دنیا ایک عالمی گاؤں ہے، تاہم آج کے حالات بڑھتی ہوئی تقسیم، کمزور ہوتی کثیرالجہتی، جنگ زدہ خطوں، تجارتی و ٹیرف تنازعات اور ماحولیاتی و ترقیاتی امور کے لیے عالمی مالی معاونت میں کمی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض مواقع پر دوطرفہ تعاون کی جگہ یکطرفہ اقدامات لے رہے ہیں، جو عالمی امن اور انصاف کے لیے تشویش ناک ہیں ۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ حقوق اور انصاف کے اصولوں کا اطلاق بلا امتیاز ہونا چاہیے۔ فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حقوق بھی اتنی ہی اہمیت رکھتے ہیں ، انہیں وہی حقوق ملنے چاہئیں جو دنیا بھر میں دیگر کو حاصل ہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ بالائی دریا کنار ممالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ زیریں دریا کنار ممالک کے حقوق کا احترام کریں۔ پانی کے منصفانہ اور منظم استعمال کے بغیر علاقائی استحکام، پائیدار ترقی اور انسانی سلامتی ممکن نہیں۔









