اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اے پی ایس پشاور کا اندوہناک سانحہ دہشت گردوں کی درندگی اور سفاکی کی ایک ایسی مثال ہے جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے میں شہید ہونے والے معصوم بچے پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم آج بھی اے پی ایس کے شہداء کے والدین اور اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے ملک کے دلوں پر ایک گہرا زخم ہے، جو وقت گزرنے کے باوجود آج بھی تازہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کا نہ کسی مذہب سے تعلق ہے، نہ انسانیت سے اور نہ ہی کسی مہذب معاشرت سے۔ ایسے عناصر کا مقصد صرف خوف، نفرت اور تباہی پھیلانا ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
خورشید احمد شاہ نے زور دیا کہ دہشت گردی کا مکمل اور فیصلہ کن خاتمہ ہی پاکستان میں پائیدار امن اور ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اتحاد، عزم اور یکجہتی کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنی ہوگی تاکہ آئندہ کسی معصوم کو اس طرح کی درندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
آخر میں انہوں نے اے پی ایس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی نے قوم کو ایک نئی بیداری دی اور یہی قربانیاں پاکستان کو ایک محفوظ اور پرامن مستقبل کی جانب لے جائیں گی۔









