پشاور(نیوزڈیسک)آرمی پبلک اسکول پشاور حملے کی برسی کے موقع پر ترجمان دفتر خارجہ نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیااور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کے اعادے کا پیغام دیتے ہوئے کہا شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم شہداء کو سلام پیش کیا ۔ ترجمان کے مطابق بچوں اور اساتذہ کی شہادت دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، جبکہ یہ قربانیاں ہر قسم کی دہشت گردی کو شکست دینے کے قومی عزم کی علامت ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے جہاں دہشت گردی کے باعث نوے ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور کردار کی یاد دہانی ہیں جنہوں نے پاکستان سمیت پورے خطے میں بے شمار جانیں بچائیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں، تاہم پاکستان کو سرحد پار سے دہشت گردوں کے مستقل خطرات کا سامنا ہے اور دہشت گرد گروہوں کو ہمارے مخالفین کی مسلسل معاونت حاصل ہے۔









